Pak Urdu Installer

Saturday 7 December 2013

ذکر اس پری وش کا۔۔۔۔۔۔۔

23 آرا

میری  ایک  عادت پر  کچھ  لوگ حقارت  سے ہنستے ہیں اور کچھ لوگ بے تحاشا چڑتے ہیں۔ مگر  عرفی بھلا  غوغائے  رقیباں  سے کیوں گھبرائے ۔ جبکہ  بہت سارے    خیر اندیش     میری  اسی عادت  سے باغ باغ بھی ہوتے ہیں۔ اس بارے میں  مورخین  البتہ   خاموش ہیں کہ فدوی  کی یہ عادت کب سے ہے ۔
 اتنی پرانی  عادت   سے  مجبور،   ظاہر  ہے آج  بھی  میں اپنی بات  غالب سے ہی شروع  کروں گا۔
مرزا غالب ؒ صرف ایک عظیم  شاعر  ہی  نہیں  ، بلکہ ایک  عظیم انسان  بھی ہیں ۔جو غالب کی حقیقت سے واقف ہیں انہیں اس بات کا  کوئی  ثبوت نہیں چاہیے  اور جو  ابھی تک غالب کے "غین" میں غوطے کھا رہے ہیں ،  انہیں سمجھانے  میں ضائع  کرنے  کیلئے نہ وقت  ہے نہ الفاظ۔ ۔۔۔
اس عظیم  انسان  کی  بے شمار  ،بے شمار،  ان گنت،  ان گنت  خوبیوں  میں سے ایک  یہ بھی ہے  کہ  خوشامد پسند  نہ  تھے ، جھوٹی  تعریف  کبھی  منہ سے نہ نکلی  ، اور  جو  حقدار  پایا  تو  ایسی  تعریف  کی  کہ ثریا  کو  بھی   رشک آیا ۔ بہت سے  پروفیسر  جن  کی پروفیسری پر  مجھے اب شک سا رہنے لگا ہے  ، نادان  دوست کی  طرح غالب ؒ ؔ کے  قصیدوں کا جواز  پاپی پیٹ بتاتے ہیں مگر  غالب ؒ ؔ کے مزاج داں  کہتے ہیں کہ یہ  بہتان ہے ۔کیونکہ  غالب ؒ ؔ جب   بے سروسامانی  کے عالم  میں،  لکھنؤ آنے  کا  باعث  نہ کھلنے  کے باوجود    لکھنؤ پہنچے،  اور  کلکتہ  کا  سفر  ، درپیش  تھا۔والیٔ اودھ  کے دربار  تک رسائی اور  پھر صلے میں ملنے  والی  خطیر  رقم  اور غالب ؒ  ؔ کے درمیان صرف ایک قصیدہ  حائل تھا ۔ یہ بات ذہن  میں رکھیے کہ  غالب ؒ ؔ کلکتے  کے سیر سپاٹے  کو نہیں جا رہے تھےبلکہ  اپنی پنشن کا  مقدمہ  لڑنے جا رہے  تھے  ۔ اور نہ ہی کلکتہ   دس بیس کوس  کی  دوری پر تھا ۔ عدالتی نظام  اور مقدموں  کی پیروی اس  زمانے  میں بھی  ایسے ہی تھے جیسے  کہ فی زمانہ  ہیں۔  مقدمہ  کی پیروی پر  اٹھنے  والے  اخراجات  اور  پھر  فیصلہ ہونے تک  کلکتہ  میں رہائش  کے اخراجات   مگر مچھ کی طرح  منہ کھولے سامنے تھے ۔ مگر قربان جائیے  غالبؔ کی اس غالبانہ  ادا  پر  ، کہ  اپنی غالبیت  کو کسی "نظریہ  ضرورت "کے چرنوں  میں  قربان  نہیں کیا ۔  غالبؔ جیسے شاعر کیلئے وزیر اعظم  کی  شان میں ایک قصیدہ  لکھنا کیا  مشکل تھا ۔لیکن تاریخ  گواہ ہے  کہ  غالبؔ نے اشد ضرورت کو   پسِ پشت  ڈال کرخیر  خواہوں  کے  مسلسل  اصرار پرفرمایا:۔ " کیا میں اس خانساماں  کا قصیدہ  لکھوں  جو انگریزوں کی  سفارش سے  وزیر  بن گیا ۔؟"اب  بتاؤ   بھلا !!!کوئی  کیسے  مان لیتا ہے  کہ   وہ  شخص پیٹ  کی مجبوری  سے  قصیدے لکھتا تھا ۔۔۔؟؟؟
ذکاء اللہ دہلوی  ، محمد حسین آزاد   وغیرہ نے  خوب  زور  لگایا کہ  غالب ؔکو خود غرض ، حاسد  ،  مصلحت پرست   ثابت کر سکیں،  جو اپنے ہم عصروں سے بغض و حسد رکھتا ہے ۔ مگر  جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے ۔ بھلا سورج  کو  ہمیشہ کیلئے بھی  گرہن لگ سکتا ہے  ۔۔؟؟؟کاش  وہ      یہ  کہنے سے  پہلے سر سید  احمد  خان  اور  غالب ؔ کے  خاندانی  روابط  اور  ان سب  کے  باوجود  غالبؔ کی  وہ  تقریظ  جو  آئینِ اکبری  کیلئے  لکھی  گئی  پر  نظر  ڈالتے تو  ایسی  بے تکی  نہ ہانکتے ۔  خود  تو  اپنی  جانبداری  اور کینہ توزی  کے ہاتھوں یرغمال  تھے  ہی اردو  پڑھنے  والوں کو  بھی گمراہ  کرنے  کی  کوشش  کر گئے۔  یاد رہے کہ  مرزا  قتیل ،  اور برہانِ قاطع  کے بعدغالب  ؔ کی استاد  ذوق ؔ سے  چشمک  ہی  زیادہ  مشہور  ہے ۔ مگر  جب  اسی  ذوقؔ کا شعر  سنتے  ہیں:۔
اب تو گھبرا  کے کہتے ہیں کہ مر جائیں گے 
مر کے  بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے
تو مولانا  حالی  ؔ گواہی  دیتے ہیں کہ غالبؔ نے شاعر کا نام پوچھا  اور پھر اس شعر  کی  بہت  تعریف کی ،  اس  کے بعد بہت دیر  تک اسی پر  سر دھنتے  رہے ۔مومن خاں  مومنؔ کے شعر پر  اس  قدر  مبالغہ  آمیز داد دی  کہ یار لوگوں  نے ضرب المثل ہی بنا ڈالی ۔  داغ کا  "رخِ روشن کے آگےشمع رکھ کر وہ یہ  کہتے ہیں"والا شعر  سنا تو  چوسر کھیلنا بھول گئے ،  اور دروغ بر گردنِ حالی:۔  "اس  شعر کو بار بار پڑھتے تھے  اور  اس پہ وجد کرتے تھے" ۔

لگتا  ہے  قارئین سمجھ  گئے  ، اور  یقیناً   یہ بھی سوچ  رہے  ہوں  گے  کہ :۔
بے خودی  بے سبب نہیں غالبؔ
کچھ تو ہے  جس کی پردہ داری ہے 
جی  جناب!!یہ  تمہید  بے سبب  نہیں ہے  ۔ جس شخصیت  پر  فدوی  ابھی  لکھ  رہا ہے ،  ماشاءاللہ  ایسی  تعریفیں ان کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہوں گی ۔ لیکن مندرجہ بالا  تمہید  سے  واضح ہو کہ  غالبؔ بڑا ہو  یا چھوٹا،دونوں کی تعریف  صرف حقدار کیلئے ہی ہوتی ہے    ۔جس  میں کسی  ریو  و ریا کا شائبہ  تک نہیں ہوتا۔

ویسے  تو  ماشاء اللہ   حاجتِ مشاطہ  نیست  روئے دلارام  را۔ لیکن آج   ہم  بھی  معجزے اپنے ہنر  کے دیکھتے  ہیں۔
ہاں تو صاحبان  و  صاحبات !!  یہ  ذکر ِ  خیر  ہے  آنسہ محترمہ مصروف النساء  کا
میری پسندیدہ ترین شخصیت ہونے کے باوجود  میرے لیے ایک پر اسرار شخصیت بھی ہیں۔  یاد  رہے کہ غالب ؔ بڑا ہو  یا چھوٹا  ،غالبؔ ہی ہوتا ہے ۔ اور  غالب ؔ کے پسندیدگان میں شمولیت  کا ویزا  خالصتاً میرٹ  پر  ایشو ہوتا ہے ۔  لیکن جب  کہ  وہ شخصیت  صنفِ  لطیف  میں سے ہو تو پھر  میرٹ مزید سخت ہو جاتا  ہے ۔  نتیجہ  غالب ؔ کے مصرعے "تھک تھک  کے ہر مقام پہ دو چار رہ گئے" والا  ہی نکلتا ہے ۔ اتنا تو سب کو معلوم ہے  کہ  تصوف  کی دنیا میں ڈھائی  قلندر مشہور  ہیں۔ اردو تنقید  میں نقاد تو بہت ہیں مگر  قلندر صرف  ڈھائی  ہیں۔  مرزا غالبؔ ، مولانا حالی ؔ ، اور  آدھا یہ  حقیر  ہیچمداں فدوی ۔(یہ  میں نہیں میری نسبت  کہہ رہی  ہے ۔)
مقصود  ڈینگیں ہانکنا  نہیں بلکہ  یہ جتانا ہے  کہ  جن  کے بارے  میں آپ  پڑھ  رہے ہیں انہوں  نے مجھے چائے پلا کر  یہ  تحریر لکھنے  پر  مجبور  نہیں کیا  بلکہ   یہ   ناقص  تحریر   ان کی شاہینی   خوبیوں ، ان  کی بلند پروازی  اور اندرون بینی کے  خراجِ  تحسین کے  ضمن میں پہلا قطرہ ہے ۔  یہ محض  سنگِ  میل ہے  منزل  کا  نشاں  نہیں  ۔   انشاءاللہ کبھی نہ کبھی  مجھ سے ہزار وں گنازیادہ  اچھا  لکھنے والے ان  کی شخصیت اور  تحریر کی  خوبصورتیوں  کا ہر پہلو سے احاطہ کریں گے ۔  تب تک کیلئے صرف  اسی  "گریبی" پر گزارہ  کیجیے  ۔
گو نہ  سمجھوں  اس کی باتیں ، گو  نہ  پاؤں اس  کا بھید
پر یہ کیا کم ہے  کہ ،مجھ سے وہ  پری پیکر کھلا
  
خواتین لکھاریوں کی  ایک  نہ ختم  ہونے  والی فہرست  ہے ۔ لیکن   جب ان میں سے پڑھنے لائق لکھاریوں  کی چھانٹی  کی جائے   تو کوفہ  میں حضرت مسلم  بن عقیل  رضی  اللہ  تعالیٰ عنہ  والا واقعہ   ذہن  میں آتا ہے  جب عصر کے وقت لاکھوں  کا  مجمع  اور مغرب  کی نماز  کا سلام پھرنے تک  محض چند ہزار ،  اور عشا ء  کے سلام  کے بعد تو  ایک  بھی نہیں تھا۔ عوام  کی پسند،  نا پسند کو میں کسوٹی  نہیں کہتا ۔ عوام  تو   عوام  ہے ، عاطف اسلم اور یویو ہنی سنگھ کو بھی گلوکار سمجھتی ہے ۔ عوام تو  آج بھی  سلطان  راہی  کی فلمیں بڑے  شوق  سے  دیکھتی ہے ۔  عوام ماضی  میں بھی اسی  وطیرے  کی  عامل تھی ،جب عوام کا پسندیدہ شاعر  ذوقؔ  ہوتا تھا۔ فرصت عباس  شاہ  اور لسی  شاہ  کے الم غلم  کو شاعری ماننے  والوں سے معذرت  کے ساتھ  ، میں ان سے  مخاطب ہوں  جو  عمر  خیام ، سعدیؒ ، اور غالبؔ کے اشعار پر ٹُن ہو تے  ہیں۔ماہا ملک، عمیرہ  احمد  وغیرہ  کی  بناوٹی  اور  بھرتی  کے الفاظ سے سجی فضول  تحاریر  پہ لوٹ پوٹ ہونے والے  مجھے  معاف رکھیں۔ مجھے  تو عصمت چغتائی اور  بانو قدسیہ  جیسی عظیم  لکھاری  خواتین  کو  پڑھنےاور  پسندیدہ  کہنے   کی ہمت رکھنے والے  جی  دار سورماؤں  کی تلاش ہے  تاکہ  میں  ان سے  کرسٹوفرکولمبس   نہ سہی  کم از کم  واسکو  ڈے  گاما   کا  خطاب  تو پا سکوں۔

موصوفہ   سے  واقفیت  توبہت  پہلے  (یعنی  ایک سال)سے تھی ، مگر فدوی  کی   فطری   اینٹی  گریویٹی  کی  وجہ  سے  موصوفات  سے ہمیشہ   دور ی  بنی رہتی  ہے ۔البتہ  جب چند  مشترکہ   پنکھوں (فین ز) کی  زبانی پتا  چلا  کہ  چھوٹے   غالب ؔ کے علاوہ  ہیں اور  بھی  دنیا بھی  سخنور  بہت  اچھے ، جن کا  نہ صرف  انداز ِبیاں  اور  ہے  بلکہ  اس  سے بھی   ہٹ  کے چلتے  ہیں جو راستہ  عام ہو جائے ۔شیخ  سعدی ؒ کا سومناتھ  کا سفر  آپ  کو  یاد ہو تو اب  تک سمجھ جانا چاہیے  کہ فدوی نے  بھی   "دریچہ  ہائے  خیال"  تک  کا سفر  کر  کے  اس  سومناتھ  کی  یاترا کی ۔ اور  غالب ؔ کی  زبانی  اقرا ر  بھی کرناپڑا     کہ:۔ 
جب تک کہ نہ دیکھا تھا قدِیار کا عالم 
میں معتقدِ فتنۂ  محشر نہ ہوا تھا 
"ہمارا  ٹی وی " کے عنوان سے ان کی  ایک تحریر  پڑھی  تو   فتنۂ محشر  کے ساتھ  ساتھ میں  محترمہ  کی اندرون بینی  اور  (نہایت  )لطیف   مزاح  نگاری کا  بھی معتقد ہوگیا ۔   اس قسم  کے موضوع  پر  اگر  عمیرہ آنٹی    نے لکھا ہوتا  تو پتا نہیں کون  کونسی ڈکشنریاں سامنے  رکھ کر وہ ، وہ  نکتے جھاڑے ہوتے (بقول ِ  غالب "قافیہ بندی  " کی ہوتی)کہ اگر  امامِ اعظم  ابو حنیفہ رحمتہ  اللہ علیہ   بھی پڑھتے تو خوب ہنستے    کہ  اندھی کو اندھیرے میں کتنے دور کی  سوجھ رہی ہے ۔لیکن  جب  ان  موصوفہ کے قلم نے  گلکاریاں  کیں تو استادِمحترم  جنابِ غالب کلاں نے  بھی عالمِ  بالا  سے   یہ کہہ کر داد  دی :۔  اس سادگی  پہ کون نہ مر جائے  اے خدا۔۔۔!!!
بھرتی  کے الفاظ ،  مصنوعی  جاہ  و جلال  اور  ریاکارانہ   خشوع  و خضوع سے عاری  اس  تحریر  کی  سادگی   پریقیناً   ہر  صاحبِ نظر  داد دئیے بنا نہیں رہ سکے گا۔   اور سادگی بھی ایسی  کہ   جس  کی مثال صرف، مومن  کا :۔ 
تم  میرےپاس ہوتے ہو گویا 
جب کوئی دوسرا نہیں ہوتا
غالب کا  فرمودہ:۔
آگے  آتی تھی حالِ دل پہ  ہنسی 
اب کسی بات  پر  نہیں  آتی 
۔۔۔۔۔
ہم کو فریاد کرنی  آتی ہے 
آپ سنتے  نہیں تو کیا  کیجیے
۔۔۔۔۔
 ہے خبر  گرم ان کے  آنے  کی 
آج ہی  گھر  میں بوریا  نہ ہوا
اور سعدی ؒ کی  ساری گلستان کے ذریعے  ہی ممکن  ہے۔
(احتمالِ طوالت کے پیشِ  نظر  صرف  چند اشعار  پر اکتفا کیا ہے  ،  اس کا ہر گز  یہ مطلب  نہیں  کہ  دیوانِ غالبؔ میں سادگی کا شاہکار  محض یہی  چند شعر ہیں)  

جیسے  بازاری  ادائیں ہوتی ہیں ، ویسے ہی  بازاری قسم  کے  الفاظ  و تراکیب  بھی ہوتی ہیں۔  جنہیں  احساسِ کمتری  کے مارے ہوئے  اپنی  تحریروں اور تقریروں  پر  غازے  اور  پاؤڈر  کی طرح  پوت کر  اس کی جھریاں اور   بوسیدہ پن  چھپانے  کی   کامیاب  کوشش کرتے ہیں ،  اور پھرخود کو   شاعری کا پاٹے  خاں  ، اور اردو  ادب  کا  پھنےخاں سمجھنے کے  خبط  میں مبتلا  رہتے ہیں ۔اورجس طرح   سنی دیول    جیسے  لوگ  اوور  ایکٹنگ  کر  کے اپنے آپ کو اداکار سمجھنے  لگ جاتے ہیں۔    لیکن مولانا  حالی  ہوں  یا  یہ  ہیچمداں فدوی، اس معاملے  میں  علامہ  اقبال  سے سو  فیصد متفق ہیں :۔
کافر  ہے تو  کرتا ہے شمشیر  پہ  بھروسا
مومن ہے  تو بے تیغ لڑتا  ہے سپاہی
علامہ اقبال کا  شعر  تو آپ  کے سامنے  ہے ۔ لیجیے  اب ذرا علامہ  اقبال  کی پیدائش  سے  آٹھ  سال پہلے  دنیا کو خیر باد  کہہ جانے  والے  غالبؔ کا شعر پڑھیے ، اور "اندازِ بیاں  اور" کی لطافت پہ سر دھن دھن  کر  مزے لیجیئے۔۔۔۔
اس سادگی  پہ کون نہ مر جائے  اے  خدا!!
لڑتے  ہیں اور  ہاتھ  میں تلوار  بھی نہیں
سبحان  اللہ ۔۔۔۔ ماشاء اللہ ۔۔۔۔۔  کس قدر خوش نصیب ہیں محترمہ  ، کہ  دو عظیم  مفکر  ، دو عظیم انسان اس  نکتے پر متفق ہیں   :۔ 
اس سادگی  پہ  کون نہ  مر جائے  اے خدا
مومن  ایسی   کہ بے  تیغ لڑتی ہے کیانی

اب ذکر ہو جائے محترمہ  کی لطیف ترین  حسِ         مزاح  کا ، جو  مجھے   حیوانِ ظریف  کے  بعد  کرنل  محمد خان صاحب ، عصمت  چغتائی اور  ان  کے بعد  موصوفہ  میں نظر  آئی ۔ آپ  نے  غور کیا  ہوگا کہ  میرے پسندیدہ  ترین پطرس  بخاری  اس  فہرست  میں شامل  نہیں ، اور(بقول کسے) غضب خدا  کا میں نے عصمت  چغتائی  کو  بھی مزاح نگاروں  میں شامل  کر دیا ۔ الحمد اللہ  میرا ذہنی  توازن  عین یہ سطور  رقم  ہوتے  وقت  تو بالکل  ٹھیک  ہے  البتہ معترض  حضرات   کو خبر ہونی  چاہیے  کہ  ذکر صرف  مزاح  کا  نہیں بلکہ   لطیف  ترین مزاح  کا  ہو رہا ہے ۔  کسی سیانے کا کہنا  ہے  کہ  " ہر  سچی  بات  ایک  بہترین لطیفہ  ہوتی ہے" اور جب وہ سچ  انتہائی  سادگی سے بولا جائے تو  غالبؔ کلاں اور  غالبؔ خورداسے  "لطیف مزاح" کہتے ہیں۔  جس سے  لطف اندوز ہونے  کیلئےلازم  ہے  کہ    قاری  میں حسِ جمال  اور  حسِ مزاح کی مناسب   مقدار   ضرور پائی جاتی ہو ۔
"ہمارا  ٹی وی "کا وہ منظر یاد کریں جب  مہمانوں نے کچن  میں  آ کر خاتونِ خانہ  کو  "سٹار  پُلس" کے عنقا ہونے  کی ایف  آئی آر  درج کروائی ۔ اور  بھابھی ، امی  وغیرہ نے اس بات پہ بے اختیار  موصوفہ  کی طرف دیکھاتھا۔  کم از کم مجھے تو بہت  ہنسی  آئی، اور جس کو نہیں آئی  وہ بے شک بھانڈ میراثیوں  سے  سجا  "خبر  ناک" دیکھیں  اور   آفتاب اقبال  کی طرح  کندھے  ہلا ہلا کر  دانت نکالتے رہیں۔
 ساری  تحریر پہ  تبصرہ  اور تجزیہ  کر نے  کا  میں نے ٹھیکہ نہیں لے رکھا۔۔۔۔۔  آپ  خود  بھی  بسم اللہ  کیجیے۔۔۔۔۔

ان کی ورچوئل  ریئلٹی  یوں تو ہر  تحریر میں"جھلک  دکھلا جا "تی   ہے  مگر  اپنی  تمام تر حشر  سامانیوں  سمیت اس  تحریر میں جلوہ  فگن  ہے جس  میں  محترمہ   جوتوں  کی دکان  پر  بجائے  جوتا بینی  کے اندرون بینی  میں مصروف ملتی ہیں۔ کچھ لوگ تو صرف اسی  بات پر  دریائے  حیرت میں ڈوب گئے کہ  اس  قدر  انہونیاں آج کے زمانے  میں بھی  ہوسکتی ہیں کیا۔  ۔۔۔ ایک سولہ  آنے خاتون  (خاتون  صرف احتراماً لکھا  گیا ہے ، پڑھا دوشیزہ جائے) شاپنگ سینٹر پر   شاپنگ  میں  دلچسپی  لینے کی بجائے  اپنے  ورچوئل ریئلٹی ڈی ٹیکٹر   کو بروئے کار  لا کر  اندر  کی  خبریں لائے ۔۔۔۔ یا حیرت ۔۔۔۔۔!!!
 پس جوگی  کی طرح  سب  کوماننا ہی پڑے  گا کہ عظیم لوگ   مخصوص  جگہ  ، مخصوص  وقت ، مخصوص حالات  ، مخصوص   آلات ، مخصوص خیالات وغیرہ  کے محتاج نہیں ہوتے ۔  البیرونی  نے پنڈ دادنخاں کے  ٹیلے  پر  بیٹھ کر  زمین کا محیط  اور وزن تک ناپ  ڈالا تھا ، اور "الکیانی "نے  شاپنگ سینٹر میں ہی بنا کسی رصد گاہ  اور کسی خورد بین  کی مدد لیے،    وہ کچھ دیکھ  اور  سن لیا کہ داد  نہ دینا تعصب  اور   سراسرظلم  ہے ۔
ادب کے  خود ساختہ  مامے  چاچے  یقیناً  اعتراض  کیے  بغیر  نہ  رہ  سکیں گے ، اور ممکن ہے اسےایک عام سی  شاپنگ  روداد قرار دے  کر    ادبی  تحریر  ماننے  سے بھی  انکار  کر دیں۔  تو  پھر فدوی  گستاخی  کی معافی چاہے بغیر  غالبؔ کے  الفاظ  دہرائے گا کہ :۔ "بس  چپ رہو  ، ہمارے  بھی منہ  میں زبان ہے۔" اس گمنام پردیسی  دوریش (شیخ  سعدیؒ) نے قاضی ِشہر  اور مجلس ِعلما  ء  سے جو کہا  تھا  وہی میں اس  تحریر  پر  چیں  بجبیں ہونے والے ہر  "مامے"سے  کہوں  گا۔

خان بہادر مرزا  غالبؔ  نہایت  سخت  نقاد تھے ،   اس بات کو نہایت  ناپسند  فرماتے تھے  کہ  ہر کس و ناکس  شاعری  شروع کر دیتا ہے ۔   مگر  جب   یہی مرزا غالب  پہلی بار مولانا حالی  ؔ کا  کلام سنتے ہیں تو فرمایا :۔"میں کسی کو  فکرِ شعر  کی صلاح نہیں دیا کرتا ۔ لیکن   تمہاری   نسبت  میرا  یہ خیال ہے  کہ اگر تم  شعر   نہ کہو گے تو  اپنی طبیعت  پر سخت  ظلم  کرو گے ۔"

 چھوٹا  غالب ؔ ہونے کے ناطے اب یہی بات میں محترمہ  فرحت  کیانی  صاحبہ  سے  کہوں گا کہ   اپنی ترجیحات  پر  نظر  ثانی کریں۔  دیگر مصروفیات  کو آپ کے  مصروف   ہونے یا نہ  ہونے  سے  کوئی فرق نہیں پڑتا  اور  نہ ہی  پڑے گا ۔ مگر  آپ  کے مصروف  رہنے سے اردو ادب اور  اہلِ اردو  کو بہت فرق پڑ رہا ہے۔ اگر  آپ  نہیں لکھیں گی  تو نہ صرف اپنے  آپ پر  ظلم کریں  گی  بلکہ  اردو اور  اہلِ اردو سے  بھی زیادتی ہوگی ۔اگر قائد  اعظم ؒ بھی صرف  وکالت   ہی کرتے  رہتے تو  پاکستان 1947  ءتو کیا  3047 ء تک  بھی  نہیں بن سکتا تھا ۔  حالی  ؔ اگر  بال  بچوں کی  فکر   میں لگ  گئے ہوتے  تو اردو کو "مقدمہ  شعر و شاعری" کون دیتا۔۔۔؟؟اگر علامہ  اقبال   جرمنی میں بار ایٹ  لا  اور  پی  ایچ ڈی  پر  اٹھنے والے  خرچ  کا  حساب  کتاب  پورا کرنے  کی سوچتے تو "بالِ جبریل " لکھنے  کی بھلا کس کو فرصت تھی ۔۔۔؟؟؟
مگر  ان سب نے ایسا نہیں کیا ۔۔۔۔ 
سینکڑوں روپے فی گھنٹہ کے حساب سے فیس لینے  والا کامیاب  ترین وکیل  ، وکالت پر  سیاست  کو ترجیح  دیتا ہے  اور بابا  جی  کی  درویشی  سبحان اللہ،  گورنر  جنرل  آف  پاکستان  ڈھائی سو روپے  فی گھنٹہ  پر  ایک روپیہ ماہانہ کو ترجیح دیتا ہے ۔۔۔ ۔
مائیں ہر زمانے  کی اور ہر کسی  کی ایک  جیسی  ہی  ہوتی ہیں۔  ابھی  بیٹے نے چلنا شروع  کیا  اور  ماں  بہو  کے خواب دیکھنے لگی۔مولانا  حالیؔ کی والدہ نے بیٹےکے  سر  پر    سہرا سجا دیا  مگر  حالیؔ نے بیوی  پر دلی اور غالبؔ کی شاگردی  کو ترجیح دی ۔  وہ تارک الدنیا نہ تھے  بس اپنی  صلاحیتوں کو دنیا داری   کی  بھینٹ  نہیں چڑھایا ۔
 کیا شیخ نور  محمد صاحب نے بیٹےکو محض اس لیے  جرمنی  بھیجا تھا  کہ  وہاں جا کر  وہ  ویمر  گارڈن  میں گوئٹےکی  پائنتی  بیٹھ جائے ۔   ؟؟؟پھر  اگر  علامہ اقبال بھی واپسی  پر   اپنا خرچہ  پورا کرنے  میں لگ جاتے   تو سوچ  لیجیے  کہ  ظلم کس پر  ہوتا۔۔۔۔
اللہ سلامت رکھے  ان  اندر جھانک  لینے والی آنکھوں  کو ۔ ایسا  خاص  الخاص عطیہ  خدا  ہر کسی  کو نہیں دیتا ۔ایسی نعمت کو آپ  ان مصروفیات کے  غبار  میں گم کر دیں جو آپ  کے بغیر  بھی  بخوبی  چل سکتی ہیں تو یقیناً یہ کفرانِ نعمت ہوگا۔(بحوالہ  :۔  اقوالِ زریں مہ  جبین کے)۔

آپ  کے بہت  سے  پنکھے  (فین ز ) ہوں گے ۔ مگر  میں تو  آپ  کا پنکھا نہیں بلکہ  ڈھائی  ٹن کا اے سی ہوں  ۔دربارِ  غالبیہ  کا خاک نشین  ہونے کے ناطے  میں  آپ کو "چھوٹی  بانو  قدسیہ" کا  خطاب دیتا  ہوں۔اور  سعدی  ؒ کی زبانی عرض کرتا ہوں
دلیر  آمدی  سعدیا  در سخن
چو تیغے  بدست ست  فتح بکن
(سعدی بات کہنے(سخن) میں تو دلیر واقع ہواہے ۔  جب تلوار  تیرے ہاتھ میں  ہے تو فتح کر)
   Sunday, October 13, 2013, 4:18:57 PM

23 آرا:

  • 7 December 2013 at 17:09

    صد متفق

    " چغتائی اور ان کے بعد موصوفہ میں نظر آئی ۔ آپ نے غور کیا ہوگا کہ میرے پسندیدہ ترین پطرس بخاری اس فہرست میں شامل نہیں ، اور(بقول کسے) غضب خدا کا میں نے عصمت چغتائی کو بھی مزاح نگاروں میں شامل کر دیا ۔ الحمد اللہ میرا ذہنی توازن عین یہ سطور رقم ہوتے وقت تو بالکل ٹھیک ہے البتہ معترض حضرات کو خبر ہونی چاہیے کہ ذکر صرف مزاح کا نہیں بلکہ لطیف ترین مزاح کا ہو رہا ہے ۔ کسی سیانے کا کہنا ہے کہ " ہر سچی بات ایک بہترین لطیفہ ہوتی ہے" اور جب وہ سچ انتہائی سادگی سے بولا جائے تو غالبؔ کلاں اور غالبؔ خورداسے "لطیف مزاح" کہتے ہیں۔ جس سے لطف اندوز ہونے کیلئےلازم ہے کہ قاری میں حسِ جمال اور حسِ مزاح کی مناسب مقدار ضرور پائی جاتی ہو ۔"

    بالکل حقیقت
    " دیگر مصروفیات کو آپ کے مصروف ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی پڑے گا ۔ مگر آپ کے مصروف رہنے سے اردو ادب اور اہلِ اردو کو بہت فرق پڑ رہا ہے۔ اگر آپ نہیں لکھیں گی تو نہ صرف اپنے آپ پر ظلم کریں گی بلکہ اردو اور اہلِ اردو سے بھی زیادتی ہوگی ۔اگر قائد اعظم ؒ بھی صرف وکالت ہی کرتے رہتے تو پاکستان 1947 ءتو کیا 3047 ء تک بھی نہیں بن سکتا تھا ۔ حالی ؔ اگر بال بچوں کی فکر میں لگ گئے ہوتے تو اردو کو "مقدمہ شعر و شاعری" کون دیتا۔۔۔؟؟اگر علامہ اقبال جرمنی میں بار ایٹ لا اور پی ایچ ڈی پر اٹھنے والے خرچ کا حساب کتاب پورا کرنے کی سوچتے تو "بالِ جبریل " لکھنے کی بھلا کس کو فرصت تھی ۔۔۔؟؟؟"

    کیا کہنے
    " فگن ہے جس میں محترمہ جوتوں کی دکان پر بجائے جوتا بینی کے اندرون بینی میں مصروف ملتی ہیں۔ کچھ لوگ تو صرف اسی بات پر دریائے حیرت میں ڈوب گئے کہ اس قدر انہونیاں آج کے زمانے میں بھی ہوسکتی ہیں کیا۔ ۔۔۔ ایک سولہ آنے خاتون (خاتون صرف احتراماً لکھا گیا ہے ، پڑھا دوشیزہ جائے) شاپنگ سینٹر پر شاپنگ میں دلچسپی لینے کی بجائے اپنے ورچوئل ریئلٹی ڈی ٹیکٹر کو بروئے کار لا کر اندر کی خبریں لائے ۔۔۔۔ یا حیرت ۔۔۔۔۔!!!"

    ایک بہترین خاکہ۔۔۔ عمدہ الفاظ اور خیال۔۔۔۔
    اور اب اس تحریر کو مدون کر کے دائیں سے بائیں الائنمنٹ کر دو۔۔۔ تاکہ استفہامیے وغیرہ بھی درست نظر آسکیں۔۔۔

  • 7 December 2013 at 18:25
    مہ جبین :

    ہمیشہ کی طرح ایک بے مثال اور عمدہ خاکہ ، جس میں لاجواب انداز میں تشبیہات و استعارات کا بر محل اور برجستہ استعمال اور غالب و اقبال کے وہ اشعار جس سے شخصیت کی خوبصورتی میں چار نہیں آٹھ چاند لگ گئے ۔ یقینا وہ شخصیت اس سے بھی کہیں زیادہ سراہے جانے کے لائق ہے ۔
    "ورچوئیل رئیلیٹی ڈیٹیکٹر " کی اصطلاح بھی خوب مزا دے گئی
    اور میں اتنی سچائی ، دیانتداری اور خلوص سے سجی اس خاکہ نگاری کے ایک ایک لفظ سے اتفاق کرتی ہوں اور صاحبِ تحریر کے لئے بہت ساری دعائیں اور نیک تمنائیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    اللہ پاک ایسے مخلص لوگوں کی تحریروں میں مزید روانی ، برجستگی اور گہرائی عطا فرمائے اور یونہی ہمیشہ حق بہ حقدار رسید شاہ کار تحریر ڈنکے کی چوٹ پر لکھنے کی سعادت عطا فرمائے آمین

  • 7 December 2013 at 19:04
    مہ جبین :


    آپ کے بہت سے پنکھے (فین ز ) ہوں گے ۔ مگر میں تو آپ کا پنکھا نہیں بلکہ ڈھائی ٹن کا اے سی ہوں ۔دربارِ غالبیہ کا خاک نشین ہونے کے ناطے میں آپ کو "چھوٹی بانو قدسیہ" کا خطاب دیتا ہوں۔اور سعدی ؒ کی زبانی عرض کرتا ہوں
    دلیر آمدی سعدیا در سخن
    چو تیغے بدست ست فتح بکن
    (سعدی بات کہنے(سخن) میں تو دلیر واقع ہواہے ۔ جب تلوار تیرے ہاتھ میں ہے تو فتح کر)

    صد فیصد متفق ہوں چھوٹا غالب سے
    اویس تمہاری خاکہ نگاری نے بہت لطف دیا
    دیر آید ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ درست آید

  • 8 December 2013 at 01:41

    بہت خوب میاں - خاکہ نگاری میں منفرد اسلوب ہے آپ کا

  • 11 December 2013 at 00:00

    بہت ہی خوب صاحب،،،، پڑھ کر طبیعت بحال ہو گئی،،،،، شاد و آباد رہیں چھوٹے مِیاں مطلب چھوٹے غالب

  • 13 December 2013 at 15:59

    السلام علیکم
    پہلے تو اس تحریر کے لئے شکریہ۔ اگرچہ مجھے نام پڑھنے سے پہلے تک اندازہ نہیں ہو رہا تھا کہ تحریر کس کے متعلق ہے ۔ کیونکہ اس میں سے ایک بات بھی کم از کم مجھ پر پوری نہیں اترتی۔ ویسے بھی ضروری تو نہیں نا کہ تحریر کسی کی اصل ژخصیت کی آئینہ دار ہو :)۔
    اب تبصرہ:

    مبالغہ آرائی اچھی ہوتی ہے لیکن اتنی بھی نہیں۔ میں تو عمومی لکھنے والوں کی قطار میں بھی خود کھڑا نہیں کر سکتی۔ کسی بڑے کے بارے میں سوچنا تو غیرممکن ٹھہرا۔
    باقی رہی تحریر کی بات تو اگر میں غیر جانبداری سے اپنا ہی لکھا پڑھوں تو مجھے اپنے طرزِ تحریر میں موجود ساری سنگین غلطیاں سامنے منہ چڑاتی نظر آتی ہیں۔
    اور یہی میرے نہ لکھنے کی وجہ ہے۔ بلاگ تو بس ہونہی کسی وقت کچھ ادھر ادھر کی لکھنے کے لئے استعمال ہوتا ہے ورنہ میں نہ تو خود کو لکھاری بنا سکتی ہوں نہ ہی ایسی کوئی کوشش کروں گی۔
    اور یہ جوتوں کی دکان والی تحریر کون سی تھی؟ مجھے بالکل بھی یاد نہیں۔

  • 13 December 2013 at 16:01


    ایک اور بات جس پر یقیناؐ بہت سے لوگوں سے مجھے بد ذوق اور بے ادب ہونے کی سند مل جائے گی۔ مجھے عصمت چغتائی کبھی پسند نہیں رہیں۔ اور میں شاید میں نے ان کی کوئی ایک آدھ تحریر پڑھی ہو۔ جس کے بعد مجھے ان کو مزید پڑھنے ک شوق نہیں رہا۔
    بانو قدسیہ یقیناؐ بہت سوں کی طرح میرے بھی پسندیدہ لکھاریوں میں شامل ہیں لیکن میں ان کی طرح سوچنے کی اہلیت نہیں رکھتی۔ میری سوچ میں ایسی گہرائی اور پختگی کبھی نہیں آ سکتی اور میں خود کو اس قابل بھی نہیں سمجھتی۔

  • 13 December 2013 at 16:03

    اور اب تیسری اور آخری بات: آپ کے بلاگ پر تبصرے کی سیٹنگز کی وجہ سے میرے بلاگ کے پتے کا ایک ای خود ہی گُم کر دیا ہے جس کی وجہ سے معلوم نہیں کون سا دریچہ کھلنا شروع ہو گیا۔ اسے درست کر دیجئے پلیز۔

  • 18 December 2013 at 14:31

    ذوالقرنین اور فرحت کیانی کا تبصرہ بہت برا لگا

    یار نین کم از کم اپنے "نیرنگ ِ خیال" کا ہی خیال رکھ لیا کر ، کوئی ڈھنگ کا تبصڑہ جھاڑا کرو

  • 18 December 2013 at 14:35

    اور محترم ترین محترمہ جو ہمیشہ سے میری اچھی تحریروں کی وجہ رہی ہیں۔ اچھی ہی کیا میری تمام تر تحریریں انہی کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں وہ جزا دے جس کی یہ محترم خاتون حقدار ہیں۔
    جوگی کا ہمیشہ آپ کے تبصرے سے خون اور وٹامن بڑھ جاتے ہیں۔

    اور ہاں

    جتنی حوصلہ افزائی آپ میری کرتی ہیں اتنی ذرا محترمہ فرحت کیانی کی بھی کر دیا کریں، انہیں ابھی تک خود پہ یقین نہیں ہے حالانکہ علامہ اقبال سمجھا سمجھا کے آخر پرلوک سدھار گئے مگر محترمہ ہیں کہ ٹس سے مس نہیں ہو رہیں

  • 18 December 2013 at 14:37

    ملک حبیب اللہ صاحب
    آپ کی داد کا اب میں نشئی ہو گیا ہوں
    جس تحریر پر آپ کا تبصرہ اور داد نہ آئے تو لگتا ہے محنت ضائع گئی

    زبیر مرزا پیارے لال
    بہت اچھا لگا کہ آپ کی کچھ نہ کچھ غلط فہمیاں دور ہوئیں اور آپ یہاں تشریف لانے لگے
    جیتے رہو یار اور آتے رہو

  • 18 December 2013 at 14:46

    اب ذرا محترمہ فرحت کیانی کی باری

    محترمہ سچ مچ مجھے آپ کا تبصڑہ بہت برا لگا
    اگر آپ کو کوفت ہوئی تو میں یہ تحریر ڈیلیٹ کر دیتا ہوں اور ایسی بکواس لکھنے پر معافی مانگتا ہوں

    انکساری اچھی ہوتی ہے مگر اتنی بھی نہیں

    محترمہ مجھے افسوس ہے کہ میں اس قدر مدلل اور طویل ترین تمہیدی وضاحت کے باوجود اپنے آپ کو مبالغے کے الزام سے نہیں بچا سکا
    افسوس میری ساری وضاحتیں بے کار گئیں،

    عصمت چغتائی آپ کو پسند نہیں اس کی وجہ بھی ظاہر ہے کہ آپ نے انہیں اب تک پڑھا نہیں، بہت سے لوگ صرف سنی سنائی میں منٹو اور عصمت کو ناپسندیدہ کہہ دیتے ہیں، اور علامہ اقبال کی جب جاوید نامہ میں چاند کے ایک غار میں وشوا متر سے ملاقات ہوئی تو علامہ اقبال نے وشوا متر کے سوال "دینِ عامیاں چیست" کا جواب "گفتم شنید" اور "گفت دین عارفاں" گفتم کہ دید" سے دیا تھا
    اس میں آپ کیلئے بہت سا سبق ہے
    نہ بڑے غالب کی سنیں نہ چھوٹے غالب کی مگر علامہ اقبال کی بات پر تو ضرور کان دھریں

  • 18 December 2013 at 14:54

    میں اگر چھوٹا غالب کہلاتا ہوں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں خدانخواستہ خود جناب ِ اصلی غالب کی کاربن کاپی سمجھتا ہوں

    آپ کی تحریر سے میری پیاری بانو آپا کا رنگ جھلکتا ہے ، لیکن میں نے یہ تو نہیں کہا کہ آپ بانو قدسیہ ہیں
    ہاں البتہ مزید لکھتی رہیں تاکہ یہ رنگ مزید گہرا ہوتا جائے

    ویسے یہ کوئی خاکہ نہیں تھا آپ کا یہ فقط ایک تنقیدی تحریر تھی
    جھوٹے پر خدا کی اور خدا کے رسول کی لعنت
    میں نے آپ کی تحریر میں جو کچھ پایا وہ غیر جانبداری سے لکھ دیا تھا

    اب بھی آپ محض اپنی انکساری کے طہور کیلئے مجھے جھوٹا جھوٹا اور خوشامدی کہہ دیں تو مرضی کی مالک ہیں

    آپ کارپوریٹ کیپیٹل کی اور میں بے چارا ایک پینڈو ، مجھے نہ تو خوشامد آتی ہے نہ سیاسی بیان اور نہ ہی ڈپلو میسی
    میں نے جو دیکھا جو محسوس کیا تھا وہ لکھ دیا تھا، کوفت اور ناپسندیدگی کیلئے بجھے دل سے معافی چاہتا ہوں

    معافی کا طالب
    فدوی چھوٹا غالب

  • 19 December 2013 at 10:19

    میرا خیال ہے اویس کہ میں اگر اوفینڈ ہوئی ہوتی یا ناپسندیدگی کا اظہار کرنا ہوتا تو میں یہاں اپنا تبصرہ پوسٹ ہی نہ کرتی۔
    لیکن ایک چیز حقیقت پسندی بھی ہوتی ہے۔ میں نے پہلے بھی ایک بار کہیں لکھا تھا کہ اگر کوئی آپ کے بارے میں کچھ کہتا یا لکھتا ہے تو اس کے لئے بہت شکرگزار ہونا چاہئیے۔ اور میں ہوں بھی۔ آپ نے اتنا اچھا سوچا اور لکھا۔ اپنا وقت دیا۔ اس کے لئے بہت شکریہ۔
    آپ نے جو محسوس کیا لکھا دیا۔ میں نے اس کو غلط نہیں کہا۔ میں اپنے بارے میں جو سمجھتی ہوں وہ لکھ دیا۔ تو میرا خیال ہے نقطہ نظر میں اختلاف ہونا تو ایک عمومی بات ہے۔ اس لئے اس کو پازیٹیو سپرٹ میں لینا چاہئیے۔

  • 19 December 2013 at 10:26

    باقی رہی عصمت چغتائی کی بات تو میں نے ان کو اتنا کم بھی نہیں پڑھا۔ اور میں نے آج تک کسی کو عصمت چغتائی کی تحریروں کو ناپسندیدہ قرار دیتے نہیں سنا۔ کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ چند گنے چُنے لکھاریوں کو پسندیدہ شمار کرنا خود کو باذوق ثابت کرنے کے لئے بہت ضروری سمجھا جاتا ہے۔ لیکن حقیقتاؐ مجھے عصمت چغتائی بالکل پسند نہیں ہیں۔ اور میں ان کو پڑھنا بھی نہیں چاہوں گی۔ اقبال اور غالب کے مشورے کے باوجود :)۔

  • 19 December 2013 at 10:36

    باقی نو ہارڈ فیلنگز۔ میں نے پوسٹ ختم کرنے جیسی کوئی بات نہیں کہی۔
    بس مجھے یہ بتا دیں کہ وہ جوتوں کی دکان والی پوسٹ کون سی تھی۔ میں وہ دوبارہ پڑھوں گی۔ :)

    ایک اور بات میں کارپوریٹ کلچر سے تعلق نہیں رکھتی اور نہ ہی ڈپلومیسی وغیرہ پر یقین رکھتی ہوں۔ اس لئے آپ کی معذرت میں یہیں چھوڑے جا رہی ہوں۔
    آپ کے قلم میں بہت روانی ہے۔ زورِ بیاں میں اضافے کی بہت سی دعائیں اور زندگی میں مزید آگے جانے کے لئے نیک تمنائیں۔

  • 19 December 2013 at 17:52

    میں نے اس زعم میں بھڑاس نکالی تھی کہ آپ نے کونسا پلٹ کے دیکھنا ہے لیکن ہھوٹی قسمت ھاھاھاھاھا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
    خیر

    یہاں اکھاڑہ سجانے کی بجائے میں نے آپ کو میل بکس میں کچھ کھوٹی کچھ کھری سنائیں ہیں۔ لیکن میرے اندازِ بیاں سے لوگ سمجھتے ہیں کہ میں غصے سے اول فول بکے جا رہا ہوں ۔ کاش آپ کو سمجھ آ جائے(حالانکہ سراسر ناامیدی ہے اس بارے میں :P)

  • 19 December 2013 at 18:54
    مہ جبین :

    آداب عرض ہے چھوٹا غالب صاحب۔۔۔۔۔۔۔

    شکریہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تو بالکل بھی نہیں کہوں گی، بلکہ دعاؤں کے بدلے ڈھیروں دعائیں ہیں تمہارے لئے۔۔۔۔اللہ تمہارے قلم کو مزید روانی ، پختگی ، سلاست ، اثر آفرینی، شگفتگی ، اور برجستگی عطا فرمائے آمین
    جزاک اللہ

  • 20 December 2013 at 00:58

    وعلیکم آداب عرض ہے چاند کا ماتھا صاحبہ

    دعاؤں کی ادلا بدلی کیلئے میں بھی شکریہ کیوں ادا کروں

    باقی سب دعائیں تو موجود پائیں مگر ایک دعا یہ بھی فرما دیں کہ فدوی کے لکھے پر کچھ لوگ یقین بھی کر لیا کریں ۔ یہاں تو الٹی آنتیں گلے پڑ جاتی ہیں۔
    نمازیں تو کیا بخشی جانی تھیں الٹا روزے بھی گلے پڑ گئے۔
    کوئی ایسی گیدڑ سنگھی مارکہ دعا دیں کہ میں لکھوں اور عوام کو کم از کم سمجھ تو آ جائے یقین آنا تو خیر مشکل ہے:P:P:P

  • 9 February 2014 at 02:10

    Absolutely!wrong..........,

    likhnay to do bhi ., ya iss qabil ho jao k tanqeed kr sako...,




    پہلے قائم تو کر مثال کوئی

    پھر بھلے بے مثال ہو جانا۔۔۔إإإ

  • 29 May 2014 at 14:14

    ۔لیکن تاریخ گواہ ہے کہ غالبؔ نے اشد ضرورت کو پسِ پشت ڈال کرخیر خواہوں کے مسلسل اصرار پرفرمایا:۔ " کیا میں اس خانساماں کا قصیدہ لکھوں جو انگریزوں کی سفارش سے وزیر بن گیا ۔؟"اب بتاؤ بھلا !!!کوئی کیسے مان لیتا ہے کہ وہ شخص پیٹ کی مجبوری سے قصیدے لکھتا تھا ۔۔۔؟؟؟

  • 29 May 2014 at 14:43


    علامہ اقبال کا شعر تو آپ کے سامنے ہے ۔ لیجیے اب ذرا علامہ اقبال کی پیدائش سے آٹھ سال پہلے دنیا کو خیر باد کہہ جانے والے غالبؔ کا شعر پڑھیے ، اور "اندازِ بیاں اور" کی لطافت پہ سر دھن دھن کر مزے لیجیئے۔۔۔۔
    اس سادگی پہ کون نہ مر جائے اے خدا!!
    لڑتے ہیں اور ہاتھ میں تلوار بھی نہیں
    سبحان اللہ ۔۔۔۔ ماشاء اللہ ۔۔۔۔۔ کس قدر خوش نصیب ہیں محترمہ ، کہ دو عظیم مفکر ، دو عظیم انسان اس نکتے پر متفق ہیں :۔
    اس سادگی پہ کون نہ مر جائے اے خدا
    مومن ایسی کہ بے تیغ لڑتی ہے کیانی

    کمال ھے کمال

  • 29 May 2014 at 18:07


    فرحت کیانی اورچھوٹا غالب :
    تعریف اور تحفہ قبول کرنا اپنے آقاﷺکی سنت ہے اللہ قلم کی پختگی کے ساتھ ساتھ عمل کی برکات سے مالامال فرماۓ ؛ یہ تحریر اور اس پر ہونےوالےتبصرے ، کامیاب ہوتےجو باعث فرحت ہوتے ،جو ان پر جنگ کا رنگ غالب نہ آتا ( نہ چھوٹا نہ بڑا ) ۔لکھنے کا مقصد اگر اللہ اور رسول اللہ کی خشنودی ہو تو راہ فنا پر حق کا پرچم آپ کے ہاتھوںمیں ہو گا انشااللہ ،،،،، اللہ اس ذمہ داری کو سمجھنےاور پورا کرنے کی توفیق عطا فرما آمین

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

آپ کی قیمتی آرا کا منتظر
فدوی چھوٹا غالب

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔

کرم فرما