Pak Urdu Installer

Sunday, 2 February 2014

اللہ کی رحمت

5 آرا
 دیوانِ غالبؔ کو  صرف   سر سید  احمد  خان  ،  ڈاکٹر عبدالرحمن  بجنوری  ہی  الہامی   ماننےوالے  نہیں۔  انہی ہستیوں  کی  جوتیوں پر  یہ  فدوی  بھی  ان سے  متفق،  بیٹھا سر دھن رہا  ہے۔اگر  غالب ؔ کے اشعار میں آنے  والے  ہر لفظ کو  گنجینہ ِٔ معنیٰ سمجھیے ۔ تو  پھر  قرآن  مجید  میں بیان  ہوئے  ہر  لفظ کی  تہہ  میں چھپی  حکمتوں   کا کیا  عالم ہوگا ۔ دیوانِ غالب کو  میں ہمیشہ  ٹریژر  ہنٹ کہتا ہوں ۔ افسو س  میں قرآن  مجید  ایک حرف  کے  بدلے  دس  نیکی  کے  چکر  میں تو  بچپن  سے  ہل  ہل کر  پڑھتا آ رہا ہوں ۔  لیکن قرآن مجید کو ٹریژر ہنٹ  والی  نظر سے پڑھنے کا آئیڈیا  دیوان ِ غالب  سے ملا  ہے ۔  اب جو   دیوانِ غالب  کے  انداز  میں پڑھنا  شروع  کیاتو  لگتا ہے  مجھے جامِ جہاں  نما  ہاتھ  آ گیا  ہے  ۔
قرآن مجید  کی  ویسے تو  ہر سورۃ  کی  اپنی  اپنی  فضیلت  ہے  لیکن  سورۃ  فاتحہ  کو  ام  الکتاب  اور  قرآن  مجید کا مختصر خلاصہ   سمجھ لیجئے ۔ میں کوئی مفسر  نہیں اور اللہ  نہ کرے کہ میں ہوں ۔  لیکن ایک  بات پوری  ایمانداری  سے کہہ  سکتا  ہوں کہ اگر  ہم حرف بحرف  سورۃ  فاتحہ  پر  دلی  ایمانداری سے  عمل  کرنے  اور اس پر غور کرنے لگ جائیں تو  نہ کوئی مسلکی اختلاف  کی  گنجائش  باقی رہے گی  نہ  ہی کوئی فرقہ    واریت  کا بہانہ  رہے ۔   لیکن جن صاحبان  کی  دال روٹی  ہی اس   آگ کے دریا  سے  نکلتی  ہے  وہ یقیناً  حسبِ عادت  میری  مٹی  پلید  کرنے  میں نہایت خشوع و خضوع  سے  جٹ جائیں گے ۔  اور میری جانے  بلا۔۔۔۔۔
پٹڑی سے  اترنا میری  پرانی  عادت  ہے  ، خیر  چھوڑئیے   ہم دوبارہ  پٹڑی  پر آتے ہیں اور بات  سورۃ  فاتحہ سے  شروع کرتے  ہیں۔   سورۃ  فاتحہ  کو  نما ز  کی  ہر رکعت  میں ایک مرتبہ پڑھنا لازم قرار دینے  کی  حکمت پر  غور  کیجئے  اور پھر   سورۃ  فاتحہ  دل  میں پڑھیے ۔  جب آپ  اللہ  کی  حمد  اور  اس  کے مالک  ہونے  کے  اقرار سے  گزر کر عبادات  کے بیان اور اس سے  آگے  دعا پر  آئیں گے تو  یوں   پائیں گے ۔ " ہمیں سیدھا  راستہ  دکھا ۔"کیا  خیال ہے ۔۔؟؟ کیا  یہ  ایک  مکمل  دعا نہیں۔۔۔؟؟؟  بالکل یہ  ہماری نظر میں تو   مکمل دعا ہے کہ  یا اللہ  ہمیں سیدھا راستہ  دکھا ۔  لیکن اللہ  نے  ساتھ  ہی  سکھایا  ہے کہ  صرف یہی  نہیں  بلکہ  یہ  بھی کہو" ان لوگوں کا راستہ  جن پر تیرا انعام ہوا۔" ذرا  حکمتوں پر  غور تو کیجیے  ۔  اللہ کو اپنے  انعام یافتہ  بندوں کا ذکر  دعا کے ساتھ  پسند ہے ۔  کیونکہ  یہ  پروردگار  کی  ادا ہے  کہ جس سے  خوش ہو جائے  یا جس سے  محبت کرے اس کا ذکر  بلند کر دیتا ہے ۔ ایسا  بلند کرتا  ہے  کہ پھر  وہ  چاہتا  ہے  کہ  اے میرے بندو  جب 24  گھنٹے  کی 17  فرض  رکعتوں میں میری  حمد اور پاکی  بیان کرتےہوئے اپنی عبودیت  کے  اظہار  میں سیدھے  راستے  کی دعا مانگو تو ساتھ  میرے  انعام یافتہ بندوں کا حوالہ  ضرور  دینا۔  تاکہ یہ بار بار کی یاد دہانی  تمہیں باور کرواسکے  کہ سیدھا راستہ  وہی  ہے جس پر میرے  انعام  یافتہ  بندے  تم  سے پہلے چل کے گئے ہیں۔
اس  بات  میں بہت سے سوالوں  کے جواب ہیں۔  اور تقلید  کے  حامیوں  اور  مخالفوں  کیلئے  بہت سے  سوال  ہیں۔
اردو کے  بے شمار  شعرا  میں سے  اللہ  نے  جو  عزت  و مرتبہ  غالب  و اقبال  کودیا  اس سے کیا ان  کے  انعام  یافتہ  ہونے  میں کوئی  شک باقی ہے ۔؟ سوچنے والوں کی  اپنی ایمانداری ۔۔۔۔ہو سکتا ہے کوئی   مجھے  غالب  کا چیلا  کہہ کر  میری بات سے  انکار کرے ۔  

اللہ  کا  اشارہ  سمجھیں تو معلوم  ہوتا ہے  کہ  کسی  بھی معاملے  میں جب سیدھے راستے  کا تعین  کرنا ہو تو    یہ  دیکھو کہ اس معاملے میں میرے  انعام یافتہ بندوں  نے  کونسا   عمل کیا۔اس لیے اب مجھے  بھی جس معاملے  میں اصلی سیدھا راستہ  جاننا ہے اس  کیلئے  مجھے انعام یافتہ   بندوں کا  طرز  عمل دیکھنا  پڑے گا۔
  
معاملہ یہ  ہے  کہ اللہ  نے سورۃ آلِ عمران  میں مال اور  اولاد کو انسان کیلئے فتنہ قرار  دیا ہے ۔ ایک  اور  مقام پر  اولاد  کو انسان کیلئے آزمائش  قراردیا گیا ہے ۔   فدوی تو پہلے ہی فطرتاً  جوگی واقع ہوا ہے ۔ اللہ  کے سوا اگر  کسی  سے  ڈرتا ہے تو وہ ہے عورت ۔  مگر بحیثیتِ مسلمان  مجھے  خبردار کیا  گیا ہے  کہ  "نکاح میری سنت  ہے  اور جس نے اسے  ترک  کیا  وہ ہم میں سے  نہیں۔"(حدیث مبارکہ کا مفہوم )اس  لیے  مجبوراً  مجھے  اپنی  مسلمانی  بچانے  کیلئے  غالب  کی طرح 
تاب  لائے ہی بنے گی  غالب
واقعہ  سخت ہے اور جان عزیز 
کہتے ہوئے کبھی نہ کبھی تو کسی نیک بخت سے نکاح کرنا پڑے گا۔ صرف اسی  پر ہی  بس  نہیں اور  بھی  بہت سی  تنبیہات (وارننگز) ہیں جن پر عمل کے  نتیجے میں  صاحبِ فتنہ (صاحب ِ اولاد) ہونا یقینی  ہے ۔اولاد  میں عمومی طور پر لوگ بیٹے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ اکثر ابو جہل قسم کے لوگ تو  بیٹا نہ ہونے کا قصور وار بھی بے چاری  بیوی کو سمجھتے ہیں۔ (خیر وہ ایک الگ موضوع ہے اس پر  کسی اور تحریر  میں قلم بازی کروں گا)لیکن مجھے ان  سے کیا مجھے تو اس معاملے میں اللہ کےسکھائے گئے فارمولے کے مطابق  انعام یافتگان کا طرزِعمل دیکھنا ہے ۔   
اس  سلسلے میں اولیاء کرام کا ذکر  بھی  نہیں کرتا  کہیں لوگ  میری  بات  کو  پیر پرست ، مزار  پرست کہہ  کر  سننے  سے  انکار  نہ کردیں۔
چلیے قرآن مجید  سے  ہی  ایک مثال  عرض ہے ۔
میں نے قرآن مجید  میں ڈھونڈا کہ  جب انعام  یافتگان   فتنہ  و آزمائش  کی  لپیٹ  میں آ جاتے  تھے تو وہ  کیا کرتے تھے ۔آنجہانی  بڑے حکیم صاحب (دادا جان) کے بارے میں سنا ہے  کہ   سورۃ کہف  کی تلاوت بہت شوق سے  کیا کرتے تھے ۔ دادا جان کے تعاقب میں   سورۃ  کہف  پڑھنا  شروع کی تو انعام  یافتگان کا  سراغ  ہاتھ آگیا ۔   اللہ  کے  چند  مقرب بندے  ایک  گمراہ  قوم اور اس کےظالم بادشاہ  کے ظلم(فتنہ)سے جان  بچا کر  ایک  غار میں جا  چھپے ۔    بادشاہ  کے  آدمی  بھی  ڈھونڈتے  ڈھونڈتے اس غار  تک  آن   پہنچے ۔  قریب  تھا  کہ  وہ اس غار  کو دیکھ  لیتے(آزمائش  کا وقت  ہے ) کہ اس  وقت انہوں  نے  اللہ  سے  دعا  کی  (طرزِ عمل)۔ اور   کمال  یہ ہے  کہ اس   پکڑے  جانے  کے  خوف میں مبتلا  بندوں  نے یہ دعا  نہیں کی  کہ  یا اللہ  ہمیں ان سے  محفوظ رکھ ، نہ یہ دعا کی  کہ  یا اللہ  ان کو اندھا کر  دے  یا کسی  بھی طرح ان کو یہاں سے بھگا۔ نہ ہی وہ اوور سمارٹ   اور بڑبولے تھے  کہ  دعا مانگتے  یا اللہ ہم  نپٹ لیں گےاور   اس  آزمائش  میں ثابت  قدم  رہ کے دکھائیں گے ۔  یا پھر تو  ہمیں ثابت  قدم  رہنے کی  توفیق دے اور  ہمارا خوف دور کردے ۔
آیت  10:۔ (وہ وقت یاد کیجئے) جب چند نوجوان غار میں پناہ گزیں ہوئے تو انہوں نے کہا: اے ہمارے رب! ہمیں اپنی بارگاہ سے رحمت عطا فرما اور ہمارے کام میں راہ یابی (کے اسباب) مہیا فرماo 
آیت 11:۔ پس ہم نے اس غار میں گنتی کے چند سال ان کے کانوں پر تھپکی دے کر (انہیں سلا دیا)o 
کوئی دنیا دار  جانب دار  مؤرخ  نہیں بلکہ  خالقِ کائنات  بتاتا ہے  کہ  اس فتنہ  و آزمائش  کے  وقت انہوں  نے دعا  مانگی  کہ"یا  اللہ  ہمیں اپنی رحمت دے ۔"اور اس دعا کی قبولیت  ہوئی اور  اللہ  کی رحمت نے انہیں گھیر  لیا۔
یہ چھوٹی  سی  دعا  اپنے  اندر  حکمتوں  کا  بے کراں سمندر  چھپائے  ہوئے ہے ۔ میں تو جتنا  غور  کرتا گیا حیرانی  ہی  حیرانی  میں غرق ہوتا گیا۔ میں نے  اس  ایک  آیت  سے   سیکھا کہ  دعا  میں کیا  مانگنا منافع  بخش  ہے ۔مجھ پر رحمت  کے  نئے نئے مفہوم  واضح  ہوئے ۔ اور  مجھے  معلوم  ہوا  کہ  دعا کی فوری قبولیت  کیلئے کونسا فارمولا  ہے ۔ رحمت مانگ  کے  دراصل  انہوں  نےاس آزمائش  و فتنے  کے  سلسلے  میں اللہ  کے سامنے   اپنی  عاجزی  کا اظہار  کیا ۔ انہوں  نے  جزو مانگنے  کی بجائے کُل  مانگنے کو ترجیح دی ۔ آئیے ان مقرب بندوں  کے طرزِ عمل سے  کچھ  سبق سیکھیں۔  ہر  فتنے  ہر  آزمائش  میں ثابت  قدمی  نہیں رحمت مانگنا  سیکھیں۔ثابت قدمی  کی دعا حضرت ذکریا  علیہ السلام نے بھی کی تھی  اور  آرے  چل  گئے تھے ۔ وہ تو اللہ  کے  برگزیدہ  نبی  تھے اس لیے وہ ثابت  قدم رہے ۔  ہم  تو بے حد  گناہگار  و کمزور  بندے ہیں اگر   اپنی اوقات پر نظر ہو تو  یقیناً ہم  رحمت ہی مانگیں گے ۔ 
مجھ پر واضح ہو گیا  کہ  اصحابِ کہف  نے فتنہ  و آزمائش  کے  وقت  رحمت  مانگی  تو انہیں رحمت نے  آ کر  اپنی  پناہ میں لے  لیا۔  صرف  یہی  نہیں ان کا یہ  عاجزی  سے رحمت    مانگنا اللہ  کو اتنا پسند آیا  کہ  اس  نے حضرت  آدم سے حضرت محمد صلی اللہ  علیہ  وآلہِ وسلم کے  درمیانی (کم و بیش  ساڑھے سات ہزار سال) عرصے  کے  مثالی  واقعات  میں سے اس واقعے  کو  بھی اپنی آخری کتاب  میں بیان کر دیا  تاکہ  قیامت  تک  کیلئے بالواسطہ  ان بندوں کا ذکر  یونہی ہوتا  رہے ۔  اور  چونکہ  فتنے اور  آزمائشیں تو ہر زمانے  میں آنی ہیں۔ اس لیے عقلمند  لوگ  ان سے بچاؤ کیلئے اصحاب ِکہف والی  ترکیب  استعمال  کر کے محفوظ رہیں۔
میرا ڈر  خوف دور ہو گیا ہے  ۔ بے شک  مال  اور اولاد فتنہ  ہے  لیکن اللہ  کے  مقرب بندے فتنے  و آزمائش میں رحمت مانگ کے  اس کی  پناہ  میں آ جاتے تھے ۔    جیسے اصحابِ کہف  نے معاملہ  اللہ  کی رحمت کے سپرد  کر دیا  تھا  ۔  یعنی  جو اللہ  کی  رحمت دے  گی  وہی قبول ہے ۔
اب سورۃ فاتحہ کی آخری  آیت   کا ترجمہ  بھی   دہرا  لیں:۔ "نہ  کہ ان  لوگوں کا  راستہ  جن  پر تیرا غضب ہوا۔"
اب ذرا آئینہ  دیکھئے  کہ کون  لوگ ہیں جو اول  تو  فتنہ  مانگتے ہیں۔  پھر  اللہ  کی رضا  میں راضی  نہ رہتے ہوئے  بیوی کو طلاق دے دیتے ہیں۔  اور اللہ  کی رحمت کی آمد  پر  ناگواری  کا اظہار کرتے  ہیں۔بیٹی کی  پیدائش  پر  کون  لوگ  ناگواری  کا  اظہار کرتے تھے ۔ اور  ان کا  حشر  اللہ  نے  کیا  کیا ۔  ایسے  لوگوں  کو کون  عقلمند  سمجھے گا جو  انعام یافتگان  کا  راستہ  چھوڑ  کر  زمانہ  جاہلیت  کے بدبخت  شقی  القلب  کفار کے راستے  پر  چلتے  ہیں۔

لفظ رحمتہ اللعالمین پر  غور  فرمائیے ۔  اوردیکھیے  اللہ  نے    تمام جہانوں کیلئے جو رحمت  ہیں  ان کو  اولاد  کے ضمن  میں  کیا عطا فرمایا ۔
 رحمت +رحمت+رحمت+رحمت
اب ذرا  ان  کا  راستہ  بھی  ملاحظہ ہو ۔  جب    حضرت سیدہ  خاتونِ جنت  رضی اللہ تعالیٰ عنہا  تشریف  لاتیں تو کائنات  کے  محبوب  ترین  اور  افضل ترین   استقبال   کیلئے کھڑے ہو جاتے ۔  تمام  جہانوں  کیلئے  جو رحمت ہیں وہ اپنی  "رحمت " کیلئے  اپنی چادر مبارک   بچھا دیتے ۔یہ ہے وہ  راستہ  جسے   خالق ِ کائنات  "اسوۂ حسنہ" کہتا ہے ۔  اللہ کے نزدیک زندگی  کی  راہ  پر چلنے  کیلئے یہ سب سے بہترین راستہ ہے ۔

اللہ  کا بے شمار شکر ہے  کہ  اس  نے مجھے  بھی رحمت سے نوازا  ہے ۔  سگے  رشتے اور منہ بولے  رشتے  کے چکر میں ، میں کبھی نہیں پڑا ۔ اس لیے  اس سے کوئی  فرق نہیں پڑتا  کہ  وہ کہاں پیدا  ہوئیں  ، میرے لیے  تو  ایسے  ہیں جیسے میری  اپنی  بیٹیاں  ۔۔۔۔
مومنہ  زینب   کے بعد  اگر کسی  نے مجھے اس حد تک متاثر کیا  تو  وہ  ہیں  محترمہ  عشبہ  بانو ۔۔۔۔۔
کہنے کو  تو  عشبہ  ذوالقرنین  کے گھر پیدا ہوئی  ، اور  میں آج تک اس سے ملا بھی  نہیں ، لیکن  دل کا حال اللہ  جانتا  ہے  ، ہو سکتا  ہے  یہ مجھے  ذوالقرنین  سے بھی  زیادہ پیاری ہو ۔

اے  نٹ کھٹ  چلبلی  شہزادی  عشبہ  بانو،   اے اللہ کی رحمت ، تم بے شک کہیں بھی رہو ،   کوئی غائبانہ  ہی تم سے پیار کرتا ہے، تمہاری آمد کا شکریہ 
سالگرہ مبارک  پریوں  کی شہزدی 

5 آرا:

  • 3 February 2014 at 18:02

    السلام علیکم اویس صاحب!
    آپ کو معلوم ہے کہ میں مضمون سے زیادہ نفس مضمون پر توجہ دیتا ہوں، ایک کرسچن ویب سایٹ پر اھدنا الصراط المستقیم کے اس ترجمے کے تحت کہ ہمیں سیدھا رستہ دکھا لکھا دیکھا تھا کہ مسلمان سیدھے رستے کے متلاشی ہیں وغیرہ وغیرہ، لیکن امام اہل سنت اعلیٰ حضرت کا ترجمہ (5) ہم کو سیدھا راستہ چلا، ہے جس سے یہ بات بھی واضح ہو جاتی ہے کہ مسلمان سیدھے رستے سے با خبر ہیں،
    جس طرح
    وَأَنَّ هَـٰذَا صِرَاطِي مُسْتَقِيمًا ﴿الأنعام: ١٥٣﴾
    اور یہ کہ یہ ہے میرا سیدھا راستہ (153)
    یعنی رستہ تو معلوم ہےاور آگے وضاحت آپ نے پیش کردی ہے
    اب میں سورہ کہف والے ترجمے پر بحث نہیں کرتا، آپ نے ایک حقیقت کی طرف رجوع کرنے کی دعوت دی ہے، مثلاً اگر ہم قرآن پاک کو پڑھیں، سمجھیں اور اللہ عزوجل کے احکامات پر عمل کریں تو ہمارے ادارے اور تنظیمیں فرقوں کے نام پر قتل عام نہ کرتی پھریں، یہاں تو بہت سے فرقوں کو ایک ہی اصول ہے کہ ان کا مخالف اس زمین پر نظر نہیں آنا چاہیے، اللہ عزوجل کا اپنے محبوب پاک کے صدقے مجھ پہ یہ کرم ہوا ہے کہ میں تدریس کر رہا ہوں اور قرآن پاک کی تعلیمات سے وابستہ ہوں جس سے سیکھنے میں مدد ملتی رہتی ہے
    اور ایک نہایت لطیف نکتہ جو آپ نے بیان فرمایا کی حضور صلی اللہ علیہ وسلم رحمۃ اللعٰلمین ہیں اور چار رحمتوں سے بھی نوازے گیے، سبحان اللہ
    میں مزید یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ بیٹی جس کا آپ نے ذکر فرمایا ہے، اللہ اس کے مقدر اچھے کرے اور اس کے والدین کو ڈھیروں برکتیں عطا کرے
    یکم فروری کو عشبہ کی سالگرہ بھی تھی ناں! لہٰذا وہ بھی مبارک ہو آپ سب کو

  • 3 February 2014 at 18:55

    وعلیکم السلام برادر
    سب سے پہلے تو عرض ہے کہ میں چھوٹا غالب جوشِ عقیدت میں نہیں کہلواتا، الحمد اللہ مکمل نہ سہی مگر حتی الوسع غالب جیسا ہی ہوں
    اور آپ یہ بات چھپی تو نہیں ہوگی کہ غالب تو علامت ہی رسمیات و تکلفات سے بغاوت کی ہے
    اس لیے براہ کرم آئندہ مجھے کبھی صاحب وغیرہ نہ کہا جائے، میں نے تو ہمیشہ آپ کو چھوٹا بھائی سمجھا ہے مگر افسوس ہوا کہ آپ مجھے صاحب سمجھتے ہیں

    آپ کو معلوم ہے کہ میں مضمون سے
    زیادہ نفس مضمون پر توجہ دیتا ہوں

    آپ کے اس دعوے سے صرف مجھے ہی نہیں فدوی کے چند قارئین کو بھی اختلاف ہے
    امید ہے آپ سمجھ گئے ہوں
    اگر آپ اپنے اسی دعوے پر عمل پیرا بھی ہو جائیں تو قسم سے سواد ہی آجائے
    لیکن فدوی نے بسا اوقات آپ کو لفظوں کے پیچھے بھاگ بھاگ کر معنی دھندلاتے ہوئے دیکھا ہے
    علامہ اقبال کا شعر
    رومی اور بوعلی سینا والا
    اپنے پیشِ نظر رکھا کریں، تو انشاءاللہ مجھے جیسے کوڑھ مغز بھی لوگوں کو فخر سے بتایا کریں گے کہ ہم عبدالرزاق قادری کو پڑھتے ہیں

    سورۃ فاتحہ کا ترجمہ ہی نہیں پورے قرآن مجید کے ترجمے اور تفسیر میں مترجمین اور مفسرین نے جو اپنی اپنی مسجد سجائی ہے اس سے تو مجھ جیسے سادہ دل مسلمان کنفیوز ہو کر رہ گئے ہیں، اس لیے اس بات پر آپ سے کوئی اختلاف نہیں

    سورۃ کہف کے ترجمے کے متعلق عرض ہے کہ یہ منہاج القرآن پبلشرز کے شائع کردہ ترجمہ "عرفان القرآن" از علامہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے ہو بہو کاپی پیسٹ کیا گیا تھا

    واللہ اعلم


    مومنہ کے حق میں دعائے خیر پر جزاک اللہ اور آمین
    خیر مبارک میری اور عشبہ دونوں کی طرف سے

  • 4 February 2014 at 10:17

    السلام علیکم!
    عشبہ کے یوم پیدائش پر اس قدر خوبصورت تحریر۔۔۔ شکریہ کون کافر ادا کرنا چاہتا ہے۔ اور شکریہ محبتوں کا ادا ہو بھی نہیں سکتا۔۔۔۔۔
    اللہ سبحان و تعالی سے دعا ہے کہ مجھے بھی ان لوگوں کے اسوہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ جن پر اس کا انعام ہے
    آمین

  • 4 February 2014 at 13:47
  • 11 February 2014 at 09:28
    مہ جبین :

    اللہ اکبر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اتنے دل نشین انداز سے غالب نے اللہ کی رحمت کا ذکر کیا ہے کہ جی خوش ہوگیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بے شک جس کے دامن میں یہ دولت ہو اسے دنیا کی دولتوں کی پرواہ ہوگی بھلا۔۔۔۔۔۔۔۔اللہ ہم سب کی اپنی اس رحمت سے مالامال فرمائے اور اس کے صدقے آخرت میں ہماری نجات ہوجائے آمین
    غالب کے لئے ڈھیروں ڈھیر دعائیں

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

آپ کی قیمتی آرا کا منتظر
فدوی چھوٹا غالب

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔

کرم فرما